انڈر پیٹ منسپل گرلز ہائی اسکول ادونی میں آج صبح 11؍بجے تقریب رسم اجراء منعقد کی گئی۔ عالیجناب ملا درویش محی الدین خالد نظامی صاحب ناظم جماعت نظامیہ ادونی کی صدارت میں معروف شاعر و مصنف الحاج شیخ مدنی نقشبندی صاحب کی تازہ تصنیف بعنوان سماع کی تقریب رسم اجراء عمدہ پیمانے پر منعقد ہوئی۔ جس میں مہمانِ خصوصی عالیجنا ب الحاج سید نبی پیر حسینی نظامی صاحب ، صدر گل حسینی صاحب ٹرسٹ نے جلسہ سے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ قرآن کو ترتیل اور خوش الحانی سے پڑھنا تقرب الہیٰ کا موجب بنتا ہے ۔ ہندوستان میں دیں حنیف کی اشاعت اور تبلیغ میں سماع کو بڑا دخل رہا ہے اسے روح کی غذا بھی کہا گیا ہے۔ صوفیانِ زمانہ نے اپنے اپنے عہد میں اس کو عروج بخشا۔ انھوں نے جناب شیخ مدنی صاحب کو مبارکباد دیتے ہوئے اپنی نیک تمناؤں کا اظہار بھی کیا۔ بعد ازاں سابق کونسلر و سجادہ نشین آستانہ سقاف جناب سید علی احمد قادری صاحب نے مصنف کو مبارکباد دی اور سماع کے غرض و غایت کو مفصل بیان کیا۔ صدر جلسہ ملا درویش محی الدین خالد نظامی صاحبنے کتاب کی رونمائی کے بعد کہا کہ دورِ حاضر میں اردو زبان کی
کتابوں کی تصنیف و اشاعت ایک غنیمت ہے انھوں نے اپنا سلسلہٌ کلام جاری رکھتے ہوئے کہا کہ پیرانِ چشت کے ہاں سماع کے مقصوص آداب پائے جاتے ہیں جنکو ملحوظ رکھکر قرب الہیٰ کو حاصل کیا جاسکتا ہے ۔ انھوں نے کشف المحجوب اور فوائد الفواد طریق سے کئی ایک حوالے دیکر سامعین کو غم بخود کردیا ۔ اور شیخ مدنی کو مبارکباد پیش کی۔ ولی نظامی صدر مدرس نے اپنے خطاب میں انسانی زندگی پر نظم اور موسیقی کے اثرات پر سیر حاصل بحث کی ۔ اور نوجوان نسل کو اردو زبان و ادب سے اور سماع سے خاص شغف پیدا کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ صاحب کتاب کو تمام اردو داں طبقے کی جانب سے مبارکباد اور ان کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔ اور کہا کہ موصوف نائب تحصیلدار کے عہدہ سے سبکدوش ہونے کے بعد تصنیف و تالیف کی طرف متوجہ ہوئے اور کئی ایک کتابوں کے خصوصاً مذہبی کتابوں کے خالق بن گئے ۔ اس کتاب کی اشاعت جناب محمد ذاکر نے کی۔ اس موقع پر ٹی جے نورالحق، عبدالواحد نظامی ،حافظ سید محمد شیخ شاہ ولی الحاج محمد موسیٰ نظامی ، خواجہ حسین نظامی، محمد قاسم نظامی ، حافظ محمد رفیق، سید قدرت اللہ قادری ، احمد حسین ، سراج الحق، طلبہ و طالبات بھی شریک رہے ۔